’یہاں سب ٹھیک ہے‘، ٹائٹن آبدوز پھٹنے سے پہلے موصول ہونے والا آخری میسج

09:0923/09/2024, پیر
general.g3/10/2024, جمعرات
ویب ڈیسک

پچھلے سال سمندر میں تباہ ہونے والی ٹائٹن آبدوز سے موصول ہونے والا آخری پیغام منظرعام پر آیا ہے جس میں کہا گیا کہ ’یہاں سب ٹھیک ہے‘۔

امریکی کوسٹ گارڈ نے تفتیش کاروں کے مطابق یہ آخری پیغام مقامی وقت کے مطابق دس بجکر 47 منٹ پر 3,346 میٹر کی گہرائی سے بھیجا گیا تھا۔ جس کے بعد ٹائٹن آبدوز سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

اس کے علاوہ ٹائٹن آبدوز کی بحیرہ اوقیانوس میں سمندر کی تہہ میں تباہ ہونے کے بعد اس کے ٹوٹے حصے کی پہلی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ یہ ویڈیو سمندر کے اندر ایک ریموٹ کنٹرول روبوٹ نے بنائی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹائٹن آبدوز کی پچھلا حصہ سمندر کی تہہ میں بکھرا ہوا ہے جو بظاہر آبدوز پھٹنے کے بعد یہاں گر گیا تھا۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے تفتیش کاروں نے واقعے کے حقائق جاننے کے لیے دو ہفتے کی انکوائری شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ پچھلے سال جون میں ٹائٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 17 منٹ پر دو پاکستانی سمیت پانچ افراد ٹائٹن کی آبدوز میں سوار ہو کر سمندر کی تہہ میں گئے تھے۔ سمندر میں جانے کے تقریباً دو گھنٹے بعد آبدوز سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ رابطہ منقطع ہونے کے بعد سمندر کے اندر اس کی تلاش کے لیے ٹیم بھیجی گئی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا بعدازاں امریکی کوسٹ گارڈ نے کہا کہ آبدوز میں سوار تمام افراد کی موت ہوگئی ہے۔

واقعے کے کچھ دن بعد ٹائٹن کا پہلا ملبہ گذشتہ سال ہی سمندر سے باہر نکالا گیا تھا۔ فارنزک ماہرین اس حصے کا معائنہ کر رہے ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آبدوز کے کون سے حصے میں خرابی آئی تھی۔




#ٹائٹینک
#ٹائٹن آبدوز
#سمندر
#سفر