پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ کے اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا فیصلہ 12 رکنی اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کرے گی جس کا اجلاس کل ہوگا۔
26 ویں آئینی ترمیم کے بعد آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بنائی گئی اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کا ایک اجلاس ہوگا جس میں اس بات کا انتخاب کیا جائے گا کہ اگلے تین سال کے لیے سپریم کورٹ کا اگلا چیف جسٹس کون ہو گا۔
یاد رہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں سے نئے قانون کی منظوری کے فوراً بعد پارلیمنٹ نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی نامزدگی کا عمل شروع کیا ہے۔ آرٹیکل 175 اے کی شق 3 میں کی جانے والی ترمیم کے تحت اب چیف جسٹس کی تقرری اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر سپریم کورٹ کے تین سب سے سینئر ججوں میں سے ہوگی۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج کو چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر منتخب کیا جاتا تھا۔
اسپیشل پارلیمانی کمیٹی میں کون کون شامل ہے؟
اسپیشل پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 8 اور سینیٹ سے 4 اراکین شامل ہوں گے۔ کمیٹی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سید علی ظفر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سے کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی کے ارکان میں خواجہ آصف، احسن اقبال اور شائستہ پرویز شامل ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے رعنا انصار، پیپلزپارٹی کی جانب سے سید نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف اور سنی اتحاد کونسل سے بیرسٹر گوہر علی خان اور صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان کے انتخاب کا طریقہ
چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کے لیے تین ٹاپ ججز یہ ہیں: جج جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی
آئینی ترمیم کے بعد اب وزارتِ قانون کی طرف سے سپریم کورٹ کے تین سینیئر ججوں کے نام اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیے گئے ہیں۔ اب یہ کمیٹی کو ان میں سے ایک جج کا نام بطور چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دے گی۔
چیف جسٹس کے نام کی منظوری کے لیے اسپیشل پارلیمانی کمیٹی سے دو تہائی یعنی 12 میں سے 8 ارکان کی حمایت چاہیے ہوگی۔ چیف جسٹس کا نام آج (22 اکتوبر) فائنل کرنا لازمی ہے کیونکہ نئی آئینی ترمیم کے تحت موجودہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ سے تین دن قبل پارلیمانی کمیٹی کو ایک نام پر اتفاق کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔