آذربائیجان کا طیارہ قزاقستان میں گر کر تباہ، 38 مسافر ہلاک

08:0426/12/2024, Thursday
جنرل26/12/2024, Thursday
ویب ڈیسک

قزاقستان کے شہر اکتاوٴ کے قریب آذربائیجان ایئرلائنز کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے کم از کم 38 لوگ ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق مسافر طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس جا رہا تھا۔

قازق حکام کے مطابق طیارے میں پانچ عملے کے ارکان کے علاوہ کُل 62 مسافر سوار تھے جن میں 42 آذربائیجان کے شہری، 16 روسی شہری، 6 قازق شہری اور 3 کرغستان کے شہری تھے۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد زندہ بچ جانے والوں کی تعداد قریب 32 ہے۔ جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ایمرجنسی سروس نے طیارے میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثے کی وجہ کیا ہے۔

تاہم روسی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ طیارے نے روس کے شہر گروزنی میں دھند کی وجہ سے اپنا رخ موڑ دیا تھا۔ بعدازاں پرندے کے ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اس کوشش کے دوران طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔

خبررساں ادارے روئٹرز کی جانب سے شئیر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے مسافر طیارہ تیزی سے نیچے آرہا ہے اور پھر زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوا اور پھر اس میں آگ لگ گئی۔





#آذربائیجان
#قزاقستان
#طیارہ
#حادثہ