کئی مہینوں سے جاری بحث کے بعد بالاخر انڈیا نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے میزبان ملک پاکستان آنے سے انکار کردیا جس کے بعد اب یہ ٹارنامنٹ ’بائبرڈ ماڈل‘ کے تحت کھیلا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق 2024 سے2027 کے درمیان ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں دونوں ممالک کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
بیان کے مطابق اس کا اطلاق اگلے سال فروری سے مارچ 2025 میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی پر بھی ہوگا۔ یعنی انڈیا کے خلاف ہونے کے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اس معاہدے کا اطلاق آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 پر بھی ہوگا، جس کی میزبانی انڈیا کرے گا اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 پر بھی ہوگا جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں‘۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم پی سی بی حکام نے پہلے بی بی سی کو تصدیق کی کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ایک ہائبرڈ ماڈل پر رضا مند ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے انڈیا کے خلاف میچز متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوں گے اور اس کے تحت پاکستان مستقبل میں انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں بھی اپنے میچ نیوٹرل مقامات پر کھیلے گا۔
انڈین کرکٹ ٹیم نے 2008 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ انڈیا نے آخری بار 2006 کے شروع میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
دونوں ٹیمون نے آخری بار دسمبر 2012 اور جنوری 2013 میں دو طرفہ سیریز کھیلی تھی جب پاکستان نے وائٹ بال سیریز کے لیےانڈیا کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے 2023 میں اکتوبرسے نومبر میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے انڈیا کا دورہ کیا تھا جہاں اس نے تمام میچز کھیلے۔
پاکستان نے گزشتہ سال ایشیا کپ کی میزبانی بھی کی تھی لیکن انڈیا نے سری لنکا میں اپنے تمام میچ ایک ’ہائبرڈ ماڈل‘ کے تحت کھیلے تھے۔
اُس وقت انڈیا نے کہا تھا کہ انہیں پاکستان کے دورے کی حکومت کی طرف سے اجازت نہیں ملی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ آخری بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں کھیلا گئا تھا اور سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان اس ٹورنامنٹ کا چیمپئن بنا تھا۔