چائنہ میں ورزش کرنے والے لوگوں کیساتھ کار حادثہ، 35 افراد ہلاک

12:0913/11/2024, الأربعاء
جنرل13/11/2024, الأربعاء
ویب ڈیسک
پولیس نے بتایا کہ ملزم 62 سالہ فان نامی شہری ہے جسے گرفتار کرلیا گیا
پولیس نے بتایا کہ ملزم 62 سالہ فان نامی شہری ہے جسے گرفتار کرلیا گیا

چائنہ میں ورزش کرتے ہوئے لوگوں کیساتھ کار حادثہ، 35 افراد ہلاکچائنہ کے شہر ژوہائی میں ایک سپورٹس سینٹر کے باہر ایک گاڑی ہجوم سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہو گئے۔

اس واقعے کو چائنہ کی تاریخ کا سب سے خطرناک حملہ قرار دیا جارہا ہے۔ چائنہ کی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 11 نومبر کی شام 7 بجکر 40 منٹ پر پیش آیا جب ایک شخص نے گاڑی کو اسپورٹس سینٹر کے باہر ورزش کرنے والے لوگوں کے ایک گروپ پر چڑھا دی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم 62 سالہ فان نامی شہری ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد ملزم گاڑی میں خود کو چھری ماری، اِس وقت وہ زخمی حالت میں ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔

روئٹرز نیوز ایجنسی نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد اس حملے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں کم از کم 20 لوگ زمین پر مردہ لاش کی حالت میں دکھائی دے رہے ہیں۔

چائنہ کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ملزم ’اپنی طلاق اور اس سے منسلک جائیداد کی تقسیم سے پریشان تھا‘ جس کے بعد اس نے یہ جرم کیا ہے ۔

پولیس نے مزید کہا کہ ملزم اس وقت کوما میں ہے کیونکہ اس نے اپنی گردن اور جسم کے دیگر حصوں کو نقصان پہنچا کر خود کو زخمی کر لیا ہے اور اس وقت ملزم سے تفتیش نہیں کی جا سکتی۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے زخمیوں کے علاج کے لیے تمام تر کوششیں کرنے کا حکم دیا اور مجرم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔

چین میں سخت سیکیورٹی اور ہتھیاروں کے سخت قوانین کی وجہ سے تشدد کم ہوتا ہے جب کہ بڑے شہروں میں چاقو حملوں کی رپورٹس میں اضافے نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔



#چائنہ
#کرائم
#حادثہ