
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے جمعے کے روز ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں منعقدہ انٹرنیشنل پیس اینڈ ٹرسٹ فورم کے موقع پر دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی۔
ترکیہ کی کمیونیکیشنز ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اردوان نے کہا کہ انقرہ، اسلام آباد کے ساتھ اچھے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر کام کر رہا ہے اور ترکیہ توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گا۔
ترکیہ کے صدر نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیزفائر میں توسیع کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ترکیہ اس نظام کو چلانے اور خطے میں امن برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اشک آباد میں یہ فورم ترکمانستان کے 30 سالہ مستقل غیرجانبداری کے اسٹیٹس اور اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 2025 کو ’انٹرنیشنل ایئر آف پیس اینڈ ٹرسٹ‘ قرار دینے کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔






