انڈیا نے چائنیز شہریوں کے لیے ویزا کا عمل تیز اور آسان کر دیا

11:2812/12/2025, vendredi
جنرل12/12/2025, vendredi
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

انڈیا نے چائنیز پروفیشنلز کے لیے بزنس ویزا کے اجرا کا عمل تیز کر دیا ہے۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے تعلقات کی عکاسی کرتا ایک اہم قدم ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کا کہنا ہے کہ اسے دو عہدے داروں نے بتایا ہے کہ انڈیا نے چائنیز پروفیشنلز کے لیے ویزا جاری کرنے کا عمل آسان کیا ہے اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے ویزا کے اجرا کا وقت ایک مہینے سے بھی کم کر دیا ہے۔

انڈیا اور چائنہ جو ایک عرصے سے ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں اور دونوں کے درمیان کئی جھڑپیں اور جنگیں بھی ہو چکی ہیں، حالیہ چند مہینوں کے دوران ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔ انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی ایک ایسے وقت میں بیجنگ سے تعلقات بڑھا رہے ہیں جب انڈیا کو امریکہ کی جانب سے ٹیرفس کا سامنا ہے اور اس کے امریکہ سے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

انڈیا اور چائنہ کے درمیان 2020 میں ہونے والی سرحدی جھڑپوں کے بعد تعلقات کافی کشیدہ ہو گئے تھے اور انڈیا نے چائنیز شہریوں کو ویزا جاری کرنے کا عمل جانچ پڑتال میں اضافہ کرتے ہوئے مشکل بنا دیا تھا۔ تاہم اب عہدے داروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا ہے کہ ویزا سے جڑے مسائل اب مکمل طور پر حل ہو گئے ہیں۔

ایک عہدے دار کا کہنا تھا کہ ہم نے انتظامی جانچ پڑتال کی ایک سطح کو ختم کر دیا ہے اور اب بزنس ویزے چار ہفتوں کے اندر جاری کیے جا رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق انڈیا کی خارجہ امور، داخلہ اور تجارت کی وزارتوں، وزیرِ اعظم کے دفتر اور اعلیٰ تھنک ٹینکس نے اس بارے میں تبصرے کی ای میل کا کوئی جواب نہیں دیا۔

ایک تھنک ٹینک دی آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن نے تخمینہ لگایا ہے کہ انڈیا کی جانب سے جانچ پڑتال کا عمل سخت کرنے سے پچھلے چار برسوں کے دوران ملک میں الیکٹرونکس آلات بنانے والی کمپنیوں کو 15 ارب ڈالر کا پیداواری نقصان ہوا ہے۔ کیوں کہ یہ انڈسٹری اپنی زیادہ تر مشینری چائنہ سے درآمد کرتی ہے۔

رائٹرز نے گزشتہ سال رپورٹ کیا تھا کہ شاؤمی جیسی بڑی چائنیز کمپنیوں کو بھی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انڈیا کی جانب سے چائنیز شہریوں کے لیے ویزوں میں نرمی کا اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزیرِ اعظم مودی نے رواں سال ہی چائنہ کا دورہ بھی کیا تھا۔ یہ ان کا پچھلے سات سال میں چائنہ کا پہلا دورہ تھا جس کے دوران انہوں نے چائنیز صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور تعلقات بڑھانے پر بات کی۔

اسی کے بعد دونوں ملکوں نے 2020 کے بعد پہلی بار انڈیا اور چائنہ کے درمیان براہِ راست پروازیں بحال کر دی تھیں۔

##انڈیا
##چائنہ
##ویزا