جاپان میں 7.5 شدت کا زلزلہ، 30 سے زائد افراد زخمی

08:519/12/2025, Salı
جنرل9/12/2025, Salı
ویب ڈیسک
زلزلے کے نتیجے میں کچھ ٹرین سروسز معطل کردی گئی ہیں اور ہزاروں گھروں میں بجلی بھی منقطع ہے۔
زلزلے کے نتیجے میں کچھ ٹرین سروسز معطل کردی گئی ہیں اور ہزاروں گھروں میں بجلی بھی منقطع ہے۔

جاپان کے شمالی علاقے آوموری ریجن کے ساحل مے قریب 7.5 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہزاروں لوگوں کو اپنے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات پر جانا پڑا۔

جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات کو گیارہ بجکر پندرہ منٹ پر آیا۔ اس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی جو اب واپس لے لی گئی ہے، جبکہ ساحل کے قریب 70 سینٹی میٹر اونچی لہریں دیکھی گئیں۔

زلزلے کے نتیجے میں کچھ ٹرین سروسز معطل کردی گئی ہیں اور ہزاروں گھروں میں بجلی بھی منقطع ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حکام نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس سے بھی زیادہ طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاسکتے ہیں، اس لیے عوام سے کم از کم ایک ہفتے تک ہائی الرٹ رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق تقریباً 90 ہزار افراد کے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے۔ آوموری کی صوبائی حکومت نے بتایا کہ تقریباً 2 ہزار 700 گھروں میں بجلی منقطع ہے۔

کابینہ کے چیف سیکریٹری مینورو کیہارا نے کہا کہ جاپانی حکومت نے وزیرِاعظم کے کرائسز مینجمنٹ سینٹر میں ایک رسپانس آفس قائم کردیا ہے اور ہنگامی ٹیم بھی بلا لی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نقصان کا جائزہ لینے اور ہنگامی ریلیف اقدامات، بشمول امدادی کارروائیوں، کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘

جاپان میں زلزلوں کا آنا معمول ہے۔ آخری بار 9.0 شدت کا تباہ کن زلزلہ 2011 میں آیا تھا، جس کے نتیجے میں جزیرۂ ہونشو میں آنے والی سونامی نے 18 ہزار سے زائد جانیں لے لیں اور متعدد شہر تباہ ہوگئے تھے۔





#جاپان
#زلزلہ
#سونامی
#موسمیاتی تبدیلی