2025 صحافیوں کے لیے ہلاکت خیز سال، اسرائیلی فوج رواں سال قتل کیے گئے 43 فیصد صحافیوں کی موت کی ذمے دار ہے: رپورٹ

12:469/12/2025, منگل
جنرل9/12/2025, منگل
ویب ڈیسک
غزہ میں ایک صحافی کی ہلاکت پر اس کے ساتھی غم سے نڈھال ہیں۔ (فائل فوٹو)
غزہ میں ایک صحافی کی ہلاکت پر اس کے ساتھی غم سے نڈھال ہیں۔ (فائل فوٹو)

صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ 2025 میں دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے صحافیوں میں سے 43 فی صد کی موت کی ذمے دار اسرائیلی فوج ہے۔

یہ رپورٹ صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم 'رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز' نے منگل کو جاری کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں صحافیوں کے قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں جتنے بھی صحافی مارے گئے، ان میں سے 43 فی صد کی موت غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں سے ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں اکتوبر 2023 کے بعد سے تقریباً 220 صحافی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔ ان میں سے 65 کو ان کے کام کی وجہ سے یا دورانِ ڈیوٹی قتل کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال 67 میڈیا کارکنان ہلاک ہوئے جن میں سے 53 مجرمانہ سرگرمیوں اور منظم جرائم کا نشانہ بنے۔

صحافیوں کے لیے خطرناک ملک

رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی رپورٹ کے مطابق اموات کے علاوہ دنیا بھر میں سینکڑوں صحافی قید میں بھی ہیں۔ رواں سال مختلف ممالک میں 503 صحافی اپنے کام کی وجہ سے قید ہیں۔

'چائنہ صحافیوں کے لیے دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے' جہاں 121 صحافی قید ہیں۔ روس صحافیوں کو قید رکھنے والا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں 48 صحافی جیلوں میں ہیں۔

میکسیکو کو صحافیوں کے لیے سب سے خطرناک ملکوں میں دوسرے نمبر پر قرار دیا گیا ہے جہاں رواں سال نو صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل غیر ملکی صحافیوں کو قید کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال اسرائیلی جیلوں میں 20 فلسطینی صحافیوں کو قید کیا گیا ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو اپنے ہی ملک میں سب سے زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔ جتنے بھی صحافی ہلاک ہوئے ہیں، ان میں سے دو کے علاوہ تمام اپنے ہی ملکوں میں فرائض انجام دیتے ہوئے مارے گئے۔

رپورٹ کے مطابق سوڈان میں بھی صحافی سنگین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سوڈان کی خانہ جنگی کی ایک فریق ریپڈ سپورٹ فورسز نے رواں سال چار صحافیوں کو ہلاک کر دیا جن میں سے دو کو اغوا کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں شام کا بھی ذکر ہے جہاں سب سے زیادہ صحافی لاپتا ہیں۔ شام میں بشار الاسد کی حکومت میں 135 صحافی لاپتا تھے جن میں سے 37 کا سراغ اب تک نہیں مل سکا ہے۔

##صحافی
##اسرائیل
##غزہ
##ہلاک