امریکہ کے مختلف حصوں میں برفانی طوفان سے قریب پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شدید موسمی حالات کے باعث کئی ریاستوں میں اسکول اور سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ کئی گھروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایک دن پہلے امریکہ کی سات ریاستوں میں ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا تھا جن میں میری لینڈ، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، کنساس، مسوری، کینٹکی اور آرکنساس شامل ہیں۔
سڑکوں پر برف جمنے سے ریاست میسوری میں دو اموات جبکہ ریاست کنساس میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ایک ہزار پھنسے لوگوں کو بچایا گیا جبکہ 356 حادثات رونما ہوئے جہاں بروقت ریسکیو حکام پہنچے۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق طوفان کی وجہ سے کئی علاقوں میں 6 انچ سے زیادہ برف باری گر چکی ہے، جبکہ مزید کئی انچ برف پڑنے کا امکان ہے۔
2 ہزار 300 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، تقریباً 9 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
امریکی ویب سائٹ پاورآوٴٹیج کے مطابق برفیلے طوفان سے پیر کی رات 2 لاکھ سے زیادہ لوگ بجلی سے محروم رہے۔ نیشنل ویدر سروس نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکہ کے شمال مشرقی حصوں میں منگل کو برف باری جاری رہے گی۔